بارشیں برسانے والا نیا سلسلہ 24 جنوری تک جاری رہنے کا امکان
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جب کہ کوژک ٹاپ پر ٹریول ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ توبہ اچکزئی میں برفباری کے دوران لاپتا پولیو ٹیم کو بھی ریسکیو کر لیا گیا، جس کے بعد پولیو ٹیم کو طبی معائنے کیلئے قلعہ عبداللہ ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ چمن شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالے بھر گئے۔
شمالی بلوچستان کے موسمی اثرات آج سے سندھ بھر میں پڑنے کا امکان ہے، کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ریکارڈ سردی متوقع ہے، کراچی میں درجہ حرارت 3 ڈگری سینی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حیدر آباد اور لطیف آباد میں بوندا باندی سے ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی آج سے بدھ تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مینگورہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور بالاٸی علاقوں کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بارشیں برسانے والے نئے نظام کی آج سے آمد شروع ہوگئی ہے، نیا سلسلہ 21 جنوری سے ملک میں داخل ہوگا، جس کے بعد بالائی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
مغربی ہواؤں کے باعث بننے والے بارشوں کا نیا نظام بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا، جو ہفتے کی شام تک ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، نئے نظام کے تحت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ اس نئے سسٹم کے تحت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہلکے سے درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہے۔
بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 24 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے، اِس دوران تیز ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے جس دوران چند ایک علاقوں میں ژالہ باری بھی ممکن ہے۔ صورت حال کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی البتہ یہ بارشیں فصلوں کے لئے مفید ثابت ہوں گی۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم کے پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگيا۔ ہلکی برفباری مزید ایک روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ برف باری کے باعث راستوں کی بندش سے پہاڑی علاقوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ علاوہ ازیںچمن اور مضافاتی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تو تھم گیا مگر ٹھنڈ کی شدت بڑھ گئی، کوژک ٹاپ اور توبہ اچکزئی میں منفی سات جب کہ چمن میں درجہ حرارت منفی دو ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر چمن کے مطابق کوژک ٹاپ شاہراہ پر ٹریفک بحال ہے۔