ریاض سے کراچی پہنچنے والا مسافر فرار، کیوں ہوا؟
سعودی دارالحکومت ریاض سے کراچی آنے والا مسافر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ریاض سے کراچی پہنچنے والی سعودی ایئرلائن کے مسافروں کے رپیڈ ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
کورونا کا شکار ہونے پر مسافر کو الگ بٹھایا گیا تھا تاکہ وائرس کا پھیلاؤ نہ ہوسکے۔
بعد ازاں مسافر ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کاؤنٹر کو چکما دے کر فرار ہوگیا۔ مسافر سعودی ایئرلائن ایس وی708 کے ذریعے شہرقائد پہنچا تھا۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے پیش نظر برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں پر سخت چیکنگ کی ہدایت سامنے آئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سی اے اے کو برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں سے متعلق نئی ہدایات موصول ہوئی ہیں، پروازوں کے تمام مسافروں کے ایرپورٹس پر ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ہدایت میں پابند کیا گیا ہے کہ برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں کو ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ ایئرپورٹس پر تمام مسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ مکمل کرلیے جائیں۔