سرگودھا ،باغی ٹی وی( رپورٹ ادریس نواز چدھڑ) نگہبان رمضان پیکج گھر تک اٹھا کر کون لے جائے گا ، عملہ میں کشمکش شروع ، خواتین رمضان پیکج کے حصول کیلئے ذلیل و خوار ہونے لگیں ۔
اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا آمنہ احسان تارڑ نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر مستحق خواتین کے گھروں تک نگہبان پیکج پہنچانے کیلئے ہر یونین کونسل میں سیکرٹری ، اس کا اسسٹنٹ اور ایک سکول ٹیچر کی ڈیوٹی لگائی ہے ۔
ذرائع کے مطابق عملہ گفٹ ہیمپر رکشے میں لوڈ کر کے ہر گاؤں کے کسی بااثر شخصیت کے ڈیرہ پر پہنچ جاتے ہیں ۔ جہاں پورے گاؤں کی خواتین اکٹھی ہو جاتی ہیں ۔ کافی زیادہ تعداد میں خواتین اکٹھی ہو جانے سے وہاں شدید بھگدڑ مچ جاتی ہے ۔
مستحق خواتین کے شناختی کارڈ وصول کرنا اور فہرستوں کے ساتھ ٹیلی کرنے میں بہت زیادہ وقت لگ جانے سے ایک دن میں بہت کم خواتین کو ہی راشن ملتا ہے ، اگلے دن پھر یہی عمل دہرایا جاتا ہے ۔
حکومت کی ہدایت کے مطابق یہ گفٹ ہیمپر مستحق خواتین کے گھروں تک پہنچائے جانے ضروری ہیں مگر یونین کونسل کے سیکرٹری اور سکول ٹیچر میں یہ بحث ہوتی رہتی ہے کہ یہ تھیلے کون اٹھا کر لے جائے ۔
جس کی وجہ سے دیہات میں ایک غیر ضروری بھگدڑ نظر آنے لگی ہے ۔ علاقہ کے سنجیدہ طبقوں نے اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گفٹ ہیمپر کی تقسیم کا کوئی زیادہ بہتر نظام وضع کریں تاکہ کسی کی عزت نفس مجروح کیئے بغیر سامان حقدار تک پہنچ سکے