وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت ہر ضلعی انتظامیہ خانیوال نے رمضان بازاروں کے قیام کے لئے تیاریاں شروع کردیں-

ضلع میں 5 رمضان بازار 25 شعبان سے فنگشنل کردیئے جائینگے-ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت رمضان بازاروں کے لئے انتظامات بارے اجلاس ڈی سی دفتر میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر نے حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق رمضان بازاروں میں سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا-اس موقع پر اے ڈی سی آر اکرام ملک،ڈپٹی سیکرٹری ایگریکلچر آصف رضا،ڈی او انڈسٹریز،ڈی ایف سی،سمیت مارکیٹ کمیٹی و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی-

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں آٹا،چینی،سبزیوں،پھلوں،گوشت،اانڈوں سمیت دیگر اشیاء مارکیٹ سے کم نرخوں ہر دستیاب ہونگی-انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کو ہر صورت مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر فنگشنل کیا جائے سبسڈی کے ثمرات ہر صورت عام صارف تک پہنچائے جائینگے-انہوں نے مزید کہا کہ اوپن مارکیٹ میں بھی مقررہ نرخ پر ہر صورت عمل یقینی بنایا جائے گا-ضلعی انتظامیہ مقدس مہینے کے دوران کسی کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیگی-

Shares: