رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا
باغی ٹی وی : کراچی میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ کم از کم پانچ شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس اور رینجرز کی گاڑیاں سنیپ چیکنگ کر رہی تھیں کہ اچانک اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں رینجرز اہلکاروں سمیت 6 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، جبکہ رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
دہشتگردی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے سیل کر دیا۔
ادھر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی اور انھیں ایمبیولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق ابھی کسی تنظیم یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔