راتیں جاگ کر کراچی بنایا، ایک روپیہ بھی حرام نہیں کمایا،مصطفی کمال
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین اور پی ایس پی کے امیدوار این اے 249 سید مصطفی کمال نے کہا کہ میں نے ایک روپیہ بھی حرام نہیں کمایا، میں نے راتیں جاگ کر کراچی بنایا، اللہ نے مجھ سے یہ کام لیا، اس شہر کے رہنے والے ہمارے کردار کو بخوبی جانتے ہیں۔ ہم نے تین سو ارب روپے اس شہر پر خرچ کئے ہیں، میرا برترین دشمن بھی ایک روپے چوری کا الزام نہیں لگا سکتا، میں نے ان پیسوں کو کراچی کی ترقیاتی پر لگایا یہ ہماراکردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک سر زمین پارٹی واحد جماعت ہے جو اس شہر کے مسائل حل کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی ایسی کامیابی چاہتی ہے جس سے میری قوم کے مسائلِ ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں، اس شہر سے ایسی روشنی اٹھے جو پورے پاکستان میں پھیلے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ٹاؤن 07 نمبر، یوسی 32, مسلم مجاہد کالونی , نئی آبادی، سیکٹر 4H بدر گراؤنڈ,بلدیہ ٹاؤن، یوسی 29 میں منقعدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائمخانی سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا چاند پر جاری ہے اور ہم آج بھی گٹر ملا پانی پینے، سیوریج نظام درہم برہم اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے ساتھیوں کے ہاتھ میں پاکستان کا جھنڈا دیا اور اس جھنڈے کو ماننے والا ہر انسان ہمارا بھائی ہے میں آپ لوگوں کو دعوت دینے آیا ہوں کہ پی ایس پی کا حصہ بنیں اور پی ایس پی کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اپنے حقوقِ کے لئے آواز بلند کریں کیونکہ انشاء اللہ آنے والا وقت تمہارا ہے۔