لاہور: راوی اربن پراجیکٹ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے:کامیابی کے بعد سندھ میں بھی نیا شہربسائیں گے:اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے راوی اربن پراجیکٹ کیس کو صحیح طریقے سے عدالت میں پیش نہیں کیا۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ راوی اربن پراجیکٹ کو سپریم کورٹ میں لے جارہے ہیں، عدالتوں کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن راوی اربن پراجیکٹ پر حکومت نے کیس صحیح طرح پیش نہیں کیا، یہ ایک ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں ، نیا شہر بسایا جا رہا ہے، یہاں ایک جدید شہر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ 20 ارب ڈالر کا پراجیکٹ ہے اور اس سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی ، اس منصوبے سے روزگار کے مواقع ملیں گے، ملکی تاریخ میں بہت دیر کے بعد اتنا بڑا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کےساتھ ہمیں نئے شہر بسانے کی ضرورت ہے کیونکہ شہر پھیلتے گئے تو گیس، بجلی اور صاف پانی کی سہولتیں فراہم نہیں کی جاسکیں گی، ایسے پراجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے، ورنہ کراچی جیسے مسائل پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ راوی کوبچایا جائے گا، بیراج بنائیں گے، اسلام آباد کے بعد دوسرا شہرپلاننگ کے تحت بن رہا ہے، کوشش کررہے ہیں کہ بنڈل جزیرے پربھی نیا شہربنائیں مگرسندھ حکومت رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔