جعلی زرعی ادویات بیچنے والوں کے خلاف سخت ایکشن
راولپنڈی۔ (نمائندہ باغی ٹی وی ) جعلی زرعی ادویات وکھادوں کی روک تھام کے سلسلہ میں شکایات کے ازالہ کیلئے منفرد نوعیت کاکمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرادیا جس کے تحت شکایت موصول ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔زرعی اجلاس کے موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب رانا علی ارشد نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کا سب سے بڑا شعبہ ہے اور زیادہ تر لوگوں کا روزگار بھی اسی شعبہ سے منسلک ہے۔موجودہ حکومت کے نئے اقدامات کی بدولت محکمہ زراعت کی کارکردگی کا گراف بھی بلندی کی طرف بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ٹاسک فورس کے تحت جعلی زرعی ادویات وکھادوں کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ نے کیلئے متعدد عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔شکایات درج کرانے کیلئے عوامی مقامات، پیسٹی سائیڈزوفرٹیلائزر دکانات اور سرکای دفاتر پر بینرزآویزاں کر دئیے گئے ہیں۔جعلی زرعی ادویات وکھادوں کے گھناونے دھندے میں ملوث کالی بھیڑیں کسان اور زراعت کی دشمن ہیں۔ٹاسک فورس کے تحت جاری عملی کارروائیوں کے نتیجہ میں یہ جلد میدان چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔