ہولی فیملی ہسپتال سے اغوا ہونے والا نوزائیدہ بچہ راولپنڈی پولیس نے بازیاب کر لیا

0
77

راولپنڈی :ہولی فیملی ہسپتال سے اغوا ہونے والا نوزائیدہ بچہ راولپنڈی پولیس نے بازیاب کر لیا،اطلاعات کے مطابق سی پی او محمد احسن یونس، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی راول، ایس پی پوٹھوہار، اے ایس پی نیوٹاؤن بینش فاطمہ، ایس ایچ او نیوٹاؤن اور ٹیم بچے کو لے کر ہولی فیملی ہسپتال پہنچ گئے،

پولیس ذرائع کے مطابق 4 روز کی دن رات محنت جدید سائنٹفک ٹیکنالوجی کی مدد سے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے بچے کو بازیاب کروایا گیا،

بچہ ہولی فیملی ہسپتال نرسری میں پہنچا دیا گیا، والدین کے آنے پر ان کے حوالے کیا جائے گا،

دوسری طرف شہریوں اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بڑی کامیابی پر سی پی او محمد احسن یونس کا شکریہ ادا کیا گیا،

 

 

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے اغواء میں ملوث ملزم/ملزمان سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے،

یاد رہےکہ چار دن قبل راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں نامعلوم ملزم بیڈ پر گڈا رکھ کر نومولود بچے کو اغوا کرکے لے گیا۔ پولیس اور اسپتال انتظامیہ نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کا جائزہ لینا شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کلرسیداں کے رہائشی شاہد نے اپنی بیوی قدرت کو گزشتہ روز ہولی فیملی اسپتال میں داخل کرایا اور اس نے ایک بچے کو جنم دیا، تاہم نامعلوم ملزم نے بچے کو اغوا کرکے اس کی جگہ بیڈ پر گڈا رکھ دیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر اسپتال میں موجود ایم ایس ڈاکٹر شازیہ زیب نے اسپتال کے داخلی وخارجی راستے بند کراکے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے اسپتال کے تمام راستوں پر پو لیس اہلکار بٹھا کر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا معائنہ شروع کردیا ہے۔ جب کہ ایم ایس نے اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر اختر کی سربراہی میں پانچ رکنی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

اس بارے میں ایم ایس ڈاکٹر شازیہ کا کہنا ہے کہ بچےکی پیدائش قبل از وقت ہوئی اور اس کی حالت سیریس ہے۔ میں بھی ایک ماں ہوں اور اس اذیت کو محسوس کرسکتی ہوں، ہمیں پوری امید ہے کہ ہم بچے کو بازیاب کرالیں گے۔فرائض سے غفلت برتنے پر ڈیوٹی پر موجود 6 ملازمین کو معطل کردیاہے جب کہ اسٹاف نرسوں کے حوالے سے سیکرٹری ہیلتھ کو کارروائی کی سفارش بھی کردی ہے۔

بچے کی ماں قدرت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس نے صبح 9 بجے بچے کو دودھ پلایا، نرسری میں ہونے کی وجہ سے بچہ ماں سے دور تھا اور نرسری میں ہی نامعلوم ملزم نے بچے کواغوا کرکے بیڈ پر گڈا رکھ دیاتھا۔

ہولی فیملی اسپتال سے نوزائیدہ بچے کے اغوا کی اطلاع پر سی پی او محمد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے بچے کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بناتے ہوئے اغوا میں ملوث ملزم یا ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں

Leave a reply