راولپنڈی: گندم کی کاشت کے اہداف پر اجلاس، انعامی پیکج کا اعلان

راولپنڈی (باغی ٹی وی رپورٹ) کمشنر آفس میں گندم کی فصل کی کاشت کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں گندم کی کاشت کے اہداف اور اس کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی ڈویژن کو 14 لاکھ 91 ہزار ایکڑ کا ہدف دیا گیا تھا۔

وزیر زراعت کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں گندم کی کاشت ہدف سے تجاوز کرتے ہوئے 15 لاکھ 3 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر ہو چکی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی انعامی پیکج کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے تحت 1000 ٹریکٹرز اور 1000 لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی کسانوں کو مفت فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اقدامات کسانوں کی سہولت اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 24 ارب روپے سے زائد کی ڈی اے پی کھاد خریدی جا چکی ہے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ڈی اے پی کے استعمال سے گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ مزید برآں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسان کارڈز کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 7 لاکھ کر دی ہے تاکہ زیادہ کسان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیر زراعت نے اس بات پر زور دیا کہ گندم اگاؤ مہم میں محکمہ زراعت کو ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے، جو گندم کی کاشت کے اہداف حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ اجلاس میں کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور پیداوار میں مزید بہتری لانے کے لیے جاری اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

Comments are closed.