گورنر سٹیٹ بینک آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کریں

تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کریں گے۔ پالیسی میں آئندہ دو مہینوں کے لیے شرح سود کا تعین کیا جائے گا۔

پالیسی ریٹ کے تعین کے لیے بورڈ آف گورننس کا اجلاس کچھ دیر میں شروع ہو گا جس میں بورڈ ممبران پالیسی ریٹ پر بحث کریں گے تاہم پالیسی ریٹ کا حتمی فیصلہ گورنر اسٹیٹ بینک کریں گے۔

شرح سود کے تعین کے بعد باقاعدہ پریس کانفرنس میں ریٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

روپے کی گرتی قدر اور مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث ماہرین توقع کررہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے شرح سود میں اضافہ کرسکتا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں اسٹیٹ بینک نے گزشتہ مالی سال کی آخری مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اگلے دو ماہ کے لیے سود کی شرح میں اضافے کافیصلہ کیا تھا۔ مرکزی بینک کی شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا، اسٹیٹ بینک اعلامیے کے مطابق بنیادی شرح سود 12.25 فی صد ہو گئی تھی ۔

اسٹیٹ بینک نے اس موقع پر کہا تھا کہ گزشتہ مانیٹری پالیسی کے بعد 3 نمایاں تبدیلیاں ہوئی ہیں، حکومت نے آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر فنڈ سہولت پر اتفاق کیا، اس پروگرام کا مقصد معاشی استحکام بحال کرنا ہے۔

Shares: