کراچی :کراچی پر رحم کریں اور یہاں کے شہریوں کو بھی برابر کے حقوق دیں، رضا ہارون حکمرانوں پربرس پڑے ،اطلاعات کےمطابق پاک سر زمین پارٹی کے جنرل سیکرٹری رضا ہارون نے کہا ہےکہ خدارا حکمران اہل کراچی پر رحم کریں اور یہاں کے شہریوں کو بھی برابر کے حقوق دیں۔ پہلے ہی کوٹہ سسٹم کی بدولت اس شہر کے نوجوانوں کے تعلیم اور ملازمت میں حقوق سلب کئے گئے اور اب تعصب اور امتیازی سلوک کی انتہا کہ طلبہ کو اسکالرشپ بھی نہیں دی جا رہی۔

رضا ہارون نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو ایسا لاوارث شہر بنا دیا گیا ہے جہاں کیماڑی میں 14افراد 72 گھنٹوں میں جاں بحق ہو جاتے ہیں لیکن حکومتیں اور ان کے ادارے تاحال نا تو وجہ تشخیص کر سکے ہیں اور نا ہی فوری طور پر کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت اور نیت نظر آئی۔

رضا ہارون کہتے ہیں کہ اس لاوارث شہر پر آفت بھی آتی ہے تو وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتیں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف رہتی ہیں۔ اور شہریوں کی داد رسی کیلئے ہنگامی اور امدادی سرگرمیوں میں بھی متحد دکھائی نہیں دیتیں۔

پاک سر زمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل کہتے ہیں کہ کراچی کی معاشی اور سیاسی اہمیت کے باوجود اس شہر کے بنیادی مسائل سے لاپرواہی اور تعصب شہریوں کیلئے شدید ذہنی اذیت کا باعث ہے۔ اس لاوارث شہر کو اپنے معاملات کی نگرانی اور انتظامات کے مکمل قانونی و سیاسی و مالی اختیارات فی الفور دئیے جائیں اور آئین کے آرٹیکل 140A کا اس کی روح کے عین مطابق اطلاق کیا جائے۔ نئے نظام کے تحت جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔

Shares: