برلن : جرمنی میں مسلمانوں اوراسلام کے خلاف واقعات میں ریکارڈ اضافہ،اطلاعات کے مطابق جرمنی میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے نفرت انگیز واقعات پر وزارت داخلہ نے اہم رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال 188 مسلمان شہری اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب کا شکار ہوئے۔ اپریل اور جون 2020 کے درمیان 13 مساجد کو نشانہ بنایا گیا رپورٹ کے مطابق رواں سال درجنوں مسلمان عوامی مقامات پر جسمانی اور زبانی تشدد کا نشانہ بنے۔ جب کہ ان واقعات میں 9 مسلمان شہری زخمی ہوئے۔

پولیس واقعات میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر تحقیقات کر رہی ہے مگر اب تک اک بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔وزارت داخلہ کے مطابق 188 میں سے 40 مسلم مخالف واقعات جرمنی کے دارالحکومت برلن میں رونما ہوئے۔

جرمنی میں دائیں بازو کی حزبِ اختلاف کی جماعت (اے ایف ڈی) کے اسلام مخالف اور مہاجر مخالف جذبات کے باعث گزشتہ کچھ سالوں سے اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب کے واقعات میں شدت اور اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ 2019 کے دوران اسلام اور مہاجر مخالف جذبات کا اظہار کرنے پر اے ایف ڈی کی مقبولیت میں 14 فیصد کمی دیکھی گئی۔

Shares: