چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے، سلیم مانڈوی والا

0
63

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہی ہے، ایک آزاد اور خودمختار ادارے کو دھمکیوں کے ذریعے ڈرایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان خود چیف الیکشن کمشنر کی تعریف کیا کرتے تھے، اب ایسا کیا ہوگیا کہ اسی چیف الیکشن کمشنر پر انکا اعتماد نہیں رہا؟

سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ تحفظات کے باوجود پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے۔عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، بابر اعوان، شیریں مزاری، فرخ حبیب اور ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن ممبران کی حکومتی اتحاد کے وفد سے ملاقات کا معاملہ زیرِ غور آیا جبکہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے کردار کا جائزہ بھی لیا گیا۔

پی ٹی آئی قیادت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن ارکان کی حکومتی وفد سے ملاقات پر شدید تشویش کا اظہار کیا، پی ٹی آئی قیادت کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا اور الیکشن کمیشن کے خلاف صوبائی حکومتوں میں بھی کارروائی کا اعلان کردیا۔

Leave a reply