دنیا ٹی وی نے ریحام خان سے معافی مانگ لی
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نجی ٹی وی چینل دنیا ٹی وی نے ریحام خان سے ان کے خلاف نشر کیے گئے الزامات پر معافی مانگ لی ہے۔ عمران خان کی سابق اہلیہ اور صحافی ریحام خان کے وکیل نے کہا ہے کہ دنیا ٹی وی نے ان کی موکلہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پیسے لے کر کتاب لکھنے کا الزام واپس لیتے ہوئے عدالت میں معافی مانگ لی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ریحام خان کی جانب سے ایک ویڈیو میں ان کے وکیل نے کہا کہ ‘دنیا ٹی وی میں کامران خان کے پروگرام میں 5 جون 2018 کو پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میری موکلہ ریحام خان پر انتہائی سنجیدہ الزامات عائد کیے’۔
الزامات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘الزامات انتہائی تضحیک آمیز اور مکمل جھوٹے تھے جبکہ ریحام خان کے پاس اپنی معصومیت کو ثابت کرنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں تھا’۔
اس پر رد عمل دیتے ہوئے ریحام خان نے اپنے بیان میں کہا ’مجھے خوشی ہے کہ آخر انصاف کا بول بالا ہوا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ انھیں انصاف حاصل کرنے کے لیے طویل قانونی جنگ لڑنی پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے چینلز نے سیاسی و کاروباری مقاصد کے حصول کے لیے ان کی کردار کشی کی۔
ریحام خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ’پرائیوٹ چینل نے اعتراف کیا کہ مجھ پر شہباز شریف سے پیسے لینے کے الزامات غلط اور بے بنیاد تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بات انتہائی تکلیف دہ ہے کہ میڈیا کے ایک مخصوص طبقے اور پاکستان تحریک انصاف سے منسلک سیاستدانوں نے مجھ پر الزامات لگائے یہ جانتے ہوئے کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔