رحمٰن ملک نے سنتھیا رچی کے الزامات جھوٹے قرار دے دیئے
سابق وزیرِ داخلہ، اور سینیٹر رحمٰن ملک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون سنتھیا رچی کے الزامات منگھڑت، بے ہودہ اور نازیبا ہیں، رحمان ملک ان کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔
ایک بیان میں رحمٰن ملک کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی خاتون کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد رحمٰن ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون نے رحمٰن ملک کے خلاف نازیبا الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اکسانے پر لگائے ہیں۔ رحمٰن ملک نے ہمیشہ بھارت کے کشمیریوں و بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
سینیٹر رحمٰن ملک نے یوسف رضا گیلانی کی تردید کی حمایت کی اور ان کے ترجمان نے کہا کہ وہ براہ راست جواب دینا نہیں چاہتے لیکن وہ الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ‘الزامات جھوٹے ہیں اور سینیٹر رحمٰن ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے لگائے گئے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘امریکی خاتون نے یہ الزامات کسی مخصوص شخص یا گروہ کی ایما پر لگائے ہیں’۔ترجمان کے مطابق رحمٰن ملک چونکہ سنتھیا رچی اور تمام خواتین کا احترام کرتے ہیں تو غلط الفاظ کے ساتھ الزامات کا جواب نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رحمٰن ملک نے ہمیشہ خواتین کے حقوق اور عزت کے لیے آواز اٹھائی ہے اور وہ ایسا کرتے رہیں گے۔ترجمان نے نشاندہی کی کہ الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب رحمٰن ملک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین کی حیثیت سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خلاف سنتھیا رچی کے ٹوئٹ کا نوٹس لیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رحمٰن ملک کے بیٹوں نے آزادانہ طور پر سنتھیا رچی کے خلاف قانونی کارروائی سے متعلق اپنے وکلا سے رابطہ کیا ہے۔