اسلام آباد :اقوام متحدہ کورونا وائرس کوویڈ۔19 کے متعلق تحقیقات کرے یہ قدرتی بیماری ہے ، یا جراثیمی ہتھیار، رحمان ملک نے خط لکھ دیا ،اطلاعات کےمطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو مراسلہ لکھ کر کورونا وائرس پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا ۔

ذرائع کےمطابق اس وبا کے خطرات کے پیش نظرجمعہ کو رحمن ملک نے کہاکہ اقوام متحدہ تحقیقاتی کمیشن تحقیق کرے کہ کورونا وائرس قدرتی ہے یا بطور جنگی ہتھیار تیار کیا گیا ہے، کورونا وائرس کوویڈ۔19 کے متعلق مختلف دعوے ، قیاس آرائیاں ، متنازع نظریات جنم لے رہے ہیں۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ بین الاقوامی میڈیا کورونا وائرس کے متعلق آج مختلف متنازع نظریات و الزام تراشیوں سے بھرا ہوا ہے، عوام میں خوف پایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس کہیں باضابطہ طور پر جنگی ہتھیار کے طور پر تیار تو نہیں کیا گیا ہے، مشتبہ کورونا وائرس اب ایک عالمی تشویش و معمہ بن گئی ہے، خوف و ہراس کے پیش نظر اقوام متحدہ کے حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن 1975 کے تحت کورونا وائرس کی تحقیقات ضروری ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ زیرو پیشنٹ و وائرس کی نشونما کا اصل جیو لوکیشن معلوم کیا جائے، معلوم کیا جائے کہ کورونا وائرس کی ساخت، نشونما، طرز عمل و شدت کی شرح مختلف ممالک میں کیوں مختلف ہے، اقوام متحدہ مائکرو بایوولوجی اور وائرولوجی کی محققین اور ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے، اقوام متحدہ کا تحقیقاتی کمیشن مستقبل میں اسطرح کے وبائی امراض بروقت روک تھام و علاج پر بھی سفارشات دے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ ڈبلیو ایچ او رکن ممالک کی مشاورت سے ایک مستقل مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے جو ویکسین کی بروقت تیاری یقینی بنائے، بدقسمتی سے کورونا وائرس اس صدی کا سب سے مہلک وائرس بن کر ابھرا ہے، اس مہلک وبائی بیماری نے دوسری جنگ عظیم کے بعد بدترین عالمی بحران پیدا کیا ہے، عالمی تاریخ وبائی امراض سے پٴْر ہے لیکن کوویڈ 19 نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

Shares: