علامہ ڈاکٹر خالد محمود کی وفات پرعلما،شیوخ اورفضلا کا اظہارتعزیت درجات کی بلندی کے لیے دعائیں
لاہور : علامہ ڈاکٹر خالد محمود کی وفات پرعلما،شیوخ اورفضلا کا اظہارتعزیت درجات کی بلندی کے لیے دعائیں،اطلاعات کے مطابق انٹر نیشنل ختم نبوت مؤومنٹ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنائیت اللہ،نائب امیرمولانا عبدالرؤف مکی،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج، مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے، مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا قاری محمد رفیق وجھوی نے جسٹس ریٹائرڈ علامہ ڈاکٹر خالد محمود صاحب کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے ،
علما اور شیوخ نے کہا کہ علامہ خالد محمود کے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے خدمات قابل فخر اور ان کی زندگی علماء کیلئے مشعل راہ ہے وہ انٹر نیشنل ختم نبوت مؤمنٹ کے بانیوں میں سے تھے انہوں نے سابق مرکزی امیر فضیلت الشیخ مولانا عبدالحفیظ مکیؒ، حضرت مولانا ضیاء القاسمیؒ، سفیر ختم نبوت مولانا منظور احمد چنیوٹیؒ کے ساتھ مل کرپوری دنیا میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی اور نسل نو کے ایمان کی حفاظت میں گزاری ان کی وفات سے عالم اسلام ایک عظیم مجاہد ختم نبوت، محقق و مصنف اور علمی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے انہوں نے دعاء کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل کو عطا فرمائے۔
دریں اثناء عالمی اتحاد اہلسنت کے سربراہ مولانا محمد الیاس گھمن جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا سید فہیم الحسن تھانوی، مرکزی جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا میاں محمد اجمل قادری، مولانا سید چراغ الدین شاہ، مولانا احمد علی ثانی، پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ الحدیث مولانا زاید الراشدی اور مولانا پیر اسد اللہ فاروق نقشبندی سمیت دیگر علماء نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کیلئے جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعاء کی۔