لاہور پریس کلب کا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو خط. صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین دینے کی درخواست کی۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھجوائے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے صحافیوں نے کورونا وباءکے دوران فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کیا ہے اور اس دوران درجنوں صحافی اس وباءکا شکاربھی ہوئے جبکہ کئی صحافی وباءسے لڑتے ہوئے شہید بھی ہوگئے جس میں جنگ/ جیو کے سینئر صحافی ارشد وحید چوہدری بھی شامل ہیں۔ خط میں کہاگیاہے کہ لاہور کے صحافی اب بھی کورونا کے خلاف جاری آگاہی مہم میں حکومت کے شانہ بشانہ اگلی صفوں میں کام کر رہے ہیں جس سے ہمارے یہ صحافی اور انکے اہل خانہ ہمہ وقت کورونا وائرس کے خطرے سے دوچار ہیں ، لہذا لاہور کے صحافیوں کو کورونا ویکسی نیشن پروگرام میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے تاکہ وہ اس وباءکا مقابلہ کرنے کیلئے زیادہ محفوظ اور پرعزم انداز سے کام کر سکیں.