لاہور:تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کے مارچ میں فائرنگ کے بعد سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا۔

سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کیلئے درخواست عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، اُن کی سرجری ہوئی ہے اور مزید سرجری بھی ہوسکتی ہے، اس صورتحال میں عمران خان کا تفصیلی جواب جمع کرانا ممکن نہیں ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں 7 نومبر کو سماعت نہ کی جائے۔ پی ٹی آئی کو عمران خان سے مشاورت کے بعد تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم ملا تھا۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے طلبی کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ 7 نومبر کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں 7 نومبر کو عمران خان کو طلب کر رکھا ہے، ایف آئی اے کی انکوائری حقائق کے برعکس ہے۔

Shares: