مشہور ترین کرکٹر نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، مداح افسردہ
ٹورنٹو (اے پی پی) سابق کیوی کپتان برینڈن میک کولم نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا.
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز برینڈن میک کولم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے چار سال بعد تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور کہا کہ کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ ان کے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہے۔ میک کولم گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ میں ٹورنٹو نیشنلز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ میک کولم نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 20 سالہ پروفیشنل کیریئر کے دوران جتنی کامیابیاں حاصل کیں مجھے ان پر فخر ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ کرکٹ سے کنارہ کشی کا صحیح وقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ میرے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہے اور اس کے بعد میں یورو ٹی ٹونٹی سلیم میں حصہ نہیں لوں گا۔ واضح رہے کہ میک کولم کا شمار ٹی ٹونٹی کرکٹ میں خطرناک بلے بازوں میں کیا جاتا ہے اور وہ زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں کرس گیل کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہیں، انہوں نے 9922 رنز بنا رکھے ہیں۔