کابل : بنگلادیش کیخلاف عمدہ کارکردگی پرافغان کرکٹ ٹیم کیلئے بڑا انعام ،اطلاعات کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف بہترین کارکردگی پر افغانستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے 10 لاکھ افغانی انعام کا اعلان کیا ہے۔
طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد یہ افغان کرکٹ ٹیم کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ دورہ بنگلا دیش 1 چار روزہ ٹیسٹ میچ اور 5 ون ڈے میچز کی سیریز پر مشتمل تھا۔
ون ڈے میچز میں سے افغان کرکٹ ٹیم نے دو میچ جیتے اور تین میں شکست ہوئی جبکہ ٹیسٹ میچ افغان ٹیم نے جیتا۔ وطن واپسی پر کرکٹ ٹیم کا بورڈ انتظامیہ سمیت عوام نے پرتپاک استقبال کیا۔
ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے افغان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین عزیز اللہ فضلی نے کھلاڑیوں کیلئے 10 لاکھ افغانی کے انعام کا اعلان بھی کیا۔
خیال رہے کہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت کی بندش کے باعث افغان انڈر 19 کرکٹ ٹیم بنگلادیش جانے سے پہلے پاکستان آئی تھی اور پھر یہاں سے بنگلادیش روانہ ہوئی تھی