ریاست نے تحفظ فراہم نہ کیا تو خود اقدام کرینگے، رہنما ایم کیو ایم

کراچی۔ صنعتی علاقوں میں قائم مزدور یونینیوں کے رہنماؤں کے ایک وفد نے چیئرمین آفاق احمد سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور فیکٹریوں کے اندر اور باہر مہاجر مزدوروں کو آئے دن تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات سے آگاہ کیا۔ مزدور رہنماؤں نے بتایا کہ بار بار شکایات کے باوجود پولیس سمیت ریاستی اداروں کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گردوں کے حوصلے بڑھ رہے ہیں، وہ آئے دن صنعتوں کے اطراف قائم گوٹھوں سے آتے ہیں اور مہاجر مزدوروں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

مزدور رہنماؤں نے آفاق احمد کو بتایا کہ ان حالات میں فیکٹری، کارخانوں میں خواتین ورکرز انتہائی غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے یقین دلایا کہ صنعتی علاقوں کے مہاجر مزدور لاوارث نہیں ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق ہر شہری کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں طویل عرصہ لسانی نفرتوں کی آگ میں جلتا رہا ہے، زبان کی بنیاد پر ہونے والی دہشت گردی پر ریاستی ادارے خاموشی اختیار کرکے ایک بار پھر کراچی کو لسانی آگ میں دھکیلنے کی غلطی نہ کریں،

انہیں مہاجر مزدوروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے ورنہ لوگ اپنے تحفظ کیلئے خود اقدام کرینگے۔آفاق احمد نے کہا کہ مہاجروں کیلئے سرکاری نوکریوں کے دروازے پہلے ہی بند ہیں، مہاجر فیکٹریوں اور کارخانوں میں اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر روزگار حاصل کررہے ہیں تو انکے لئے فیکٹریوں اور کارخانوں کے دروازے بھی بند کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر نوجوان صنعتی علاقوں میں ایک دوسرے کا بازو بن کر حالات کا مقابلہ کریں اور متحد ہوکر خواتین ورکرز کی حفاظت بھی اپنی ذمہ داریوں میں شامل کرلیں۔

Comments are closed.