روس نے معاہدہ معطل کر دیا
روس نے درمیانے درجے کے میزائل بنانے کا امریکا کے ساتھ معاہدہ معطل کر دیا
تفصیلات کے مطابق روسی پارلیمان کے ایوان زیریں یعنی ریاستی ڈوما میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل معاہدے پر عمل درآمد کو معطل کرنے سے متعلق ایک بل کی منظوری دی گئی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یہ بل تیس مئی کو پا رلیمنٹ کے سامنے پیش کیا تھا۔
اس بل کے مطابق روس کے اس معاہدے پر عملدرآمد کا فیصلہ روسی صدر کو کرنا چاہیئے۔روسی فیڈریشن کونسل یعنی ایوان بالا موجودہ ماہ کی چھبیس تاریخ کو اس بل پر نظرثانی کرے گا۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے رواں سال یکم فروری کو اعلان کیاتھا کہ روس کے طویل عرصے سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے معاہدے کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث امریکہ نے اس معاہدے پر عملدرآمد کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا اور چھ ماہ کی مدت میں معاہدے سے نکلنے کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔چار مارچ کو روسی صدر نے ایک حکم نامے پر دستخط کئے کہ روس اس معاہدے پر عملدرآمد کو معطل کرتا ہے۔