رکنا نہیں، آگے بڑھنا ہے ، بڑھتے جانا ہے،مریم نواز کی میٹرک پوزیشن ہولڈر کو مبارکباد

0
115
maryam

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میٹرک میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دی ہے

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام طلبہ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا کی اور کہا کہ میرے بچو!قوم کو آپ پر فخر ہے۔ رکنا نہیں، آگے بڑھنا ہے ، بڑھتے جانا ہے۔میری دعائیں اور نیک تمنائیں ہر محنتی طالب علم کے لئے ہیں۔

میٹرک امتحانات، پنجاب بھر میں نتائج کا اعلان
لاہور بورڈ کے تحت لاہور ڈویژن کے میٹرک سالانہ 2024 امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کا اعلان کر دیا گیا، کمشنر لاہور ڈویژن ،چیئرمین بورڈ زید بن مقصود نے پریس بریفنگ میں پوری لاہور ڈویژن میں اوورآل اور سائنس و آرٹس گروپس میں پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبا و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے ہونہار طلبا و طالبات کے اساتذہ اور والدین کو دلی مبارکباد دی۔لاہور بورڈ کی ٹیم کو بھی شاباش دی،میٹرک امتحانات میں محمد ایان نے لاہور بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، محمد ایان نے 1200میں سے 1190نمبر حاصل کیے۔ماہین سجاد نے 1186 نمبر لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی، حمیرا اصغر، عبیداللہ عثمان،زینب آصف اورسحر شکیل نے تیسری پوزیشن لی،حمیرا اصغر، عبیداللہ عثمان، زینب آصف اور سحر شکیل نے1185 نمبرحاصل کیے۔

راولپنڈی ، لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے ،راولپنڈی بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحان میں جنرل گروپ میں ہمایوں تاج نے 1049 نمبر حاصل کرکے پہلی، زوہیب عمران 1017 دوسری اور جواد محمود ملک نے 1007 لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی، جنرل گروپ گرلز میں اقراء سلمان 1105 نمبر کے ساتھ پہلی ،لائبہ عروج 1103 کیساتھ دوسری اور نائمہ فاروقی 1087 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی،سائنس گروپ بوائز میں محمد ایان اقبال اور حسن رضا 1170 نمبرز کے ساتھ پہلے ، محمد عبدالرحمان 1169 نمبر کے ساتھ دوسرے ،محمد واصل منام 1168 نمبر لیکر تیسرے نمبر پر رہے،سائنس گروپ گرلز میں اقصی نور 1179 نمبر کے ساتھ پہلی ، طیبہ عارف 1178 کے ساتھ دوسری اور عریبہ آصف 1176 نمبر لیکر تیسری پوزیشن پر رہی،امتحان میں کل 1 لاکھ 19 ہزار 265 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 87 ہزار 693 امیدوار کامیاب ہوئے۔ کامیاب ہونے والے امیدواران کی شرح 73.49 رہی۔

ملتان بورڈ،میٹرک نتائج، آرٹس گروپ میں تینوں پوزیشنز مدارس کے طلباءنے حاصل کیں
سرگودھا بورڈ کے نتائج کے مطابق ضلع بھکر سے تعلق رکھنے والے محمد علی عبداللہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی ،ملتان بورڈ کے میٹرک امتحانات میں کل ایک لاکھ 26 ہزار 771 طلبا شریک ہوئے ،جن میں سے 98 ہزار955 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 78.60فیصد رہا،محمد انس نوید نے 1191نمبر لے کرپہلی، محمد فیضان شوکت نے1190 نمبرز لےکر دوسری اورانیا شاہد نے1188 نمبر کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، آرٹس گروپ میں تینوں پوزیشنز مدارس کے طلباءنے حاصل کیں،

فیصل آباد بورڈ میں عروج فاطمہ نے 1200 میں سے 1189 نمبرز لے کر پہلی، محمد فائق اور علی احمد نے 1187 نمبر لے کر دوسری اور معظم طفیل نے 1186 نمبرز کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی

دانش سکول فلیگ شپ پراجیکٹ، تنقید والوں کیلئے میٹرک کا نتیجہ کافی ہے۔ وزیر تعلیم
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ہم نے ابتدائی چند ماہ میں سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار اس حد تک بہتر کر دیا ہے کہ میٹرک امتحانات میں پبلک سیکٹر کے سکولوں نے پرائیویٹ سکول مافیا کو مات دی ہے اور ان سے پوزیشنز چھینی ہیں۔ پبلک سکول سسٹم اتنا بہتر کریں گے کہ نجی سیکٹر اپنی فیسیں کم کرنے پر مجبور ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک امتحانات میں ہم نے بوٹی مافیا کے خریدے گئے 270 سنٹرز پکڑے اور انٹر امتحانات میں اس حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جس کے نتائج آج سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال بعد 9 میں سے 5 بورڈز میں سرکاری سکولز ٹاپ پوزیشن پر رہے ہیں جس پر میں پنجاب کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز بچوں کیلئے 25 کروڑ روپے کے ایوارڈز رکھے ہیں۔ دانش سکول پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔ اس پر تنقید کرنے والوں کیلئے میٹرک کا نتیجہ ہی کافی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری سکول معیاری سکول کا وعدہ پورا کریں گے۔ سمارٹ پالیسی کے تحت اساتذہ کی شارٹیج اگلے تین ماہ میں زیرو پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حوالے سے کمپری ہینسوو پروگرام لا رہے ہیں۔ سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد بڑھائیں گے اور تعلیم کی کوالٹی اتنی بہتر کریں گے کہ نجی سیکٹر کے بچے بھی پبلک سیکٹر سکولوں میں آنے پر مجبور ہوں گے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو ایک لاکھ 18 ہزار اساتذہ کی شارٹیج تھی۔ ہم سمارٹ پالیسی کے تحت اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے سرپلس اساتذہ کو یوٹیلائز کرتے ہوئے شارٹیج کو 38000 پر لائے ہیں۔ اس کے علاوہ 2000 ایسی پوسٹیں تھیں جو سکول انفارمیشن ایپ میں چھپائی گئی تھیں، ہم نے انہیں عیاں کیا۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی میں رشوت یا سفارش نہیں چل سکے گی۔ ساؤتھ پنجاب میں ڈیڑھ لاکھ بچوں کیلئے کیلئے تین تین ماہ کے فنی کورسز پر مشتمل فاؤنڈیشن لرننگ پروگرام متعارف کروایا گیا ہے جہاں طلبہ سکلز سیکھیں گے اور خودمختار ہونے کے علاؤہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنا گھر بھی چلا سکیں گے۔ میڈیا نمائندگان کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عارضی وائس چانسلرز کی بجائے ان کی مستقبل تعیناتیاں کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے قابل لوگوں پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے جو کسی سفارش کو تسلیم نہیں کرے گی اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھے گی۔ سنڈیکیٹ میں جو من مانیاں ہوتی تھیں ان کا بھی آڈٹ کر رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے یہ بھی کہا کہ نجی سکولز کیلئے جو پالیسیاں بنی ہیں انہیں ان پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

Leave a reply