روس اور پاکستان کے تعلقات میں نیا سنگ میل: اسپیکر ویلنٹنینا میتویآنکو کا کامیاب دورہ

russian

اسلام آباد: روسی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر ویلنٹنینا میتویآنکو نے پاکستان کا 3 روزہ کامیاب دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہوگئیں۔ 27 اکتوبر کو پاکستان پہنچنے والی روسی اسپیکر نے اپنے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق، اور چیئرمین سینٹ سے ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔اپنے دورے کے دوران روسی اسپیکر نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی، اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقاتوں میں پاکستانی اور روسی حکام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ توانائی، تجارت، اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے۔ ویلنٹنینا میتویآنکو نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، اور انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔روسی اسپیکر نے 28 اکتوبر کو پاکستانی سینٹ کے اجلاس سے خصوصی خطاب بھی کیا۔ خطاب کے دوران انہوں نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
دورے کے آخری روز انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کی آرٹ گیلری کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی فنکاروں کے مختلف فن پارے دیکھے۔ ویلنٹنینا میتویآنکو نے پاکستانی ثقافت اور آرٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فن دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔روسی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ثابت ہوا ہے، جس سے نہ صرف سیاسی بلکہ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو بھی مزید تقویت ملے گی۔

Comments are closed.