روس کی سابق ملکہ حسن اور ماڈل کا سیلز گرل پر تیزدھار چاقو سے حملہ
ماسکو: روس کی سابق ملکہ حسن اور ماڈل 32 سالہ نتالیہ نے ایک سپر اسٹور میں سیلز گرل پر تیز دھار چاقو سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا-
باغی ٹی وی:غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی سابق ملکہ حسن اور ماڈل 32 سالہ نتالیہ نے ایک سپر اسٹور میں سیلز گرل پر تیز دھار چاقو سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا جس کے بعد ماڈل کو حراست میں لے لیا گیا ہے-
رپورٹ کے مطابق روس کے شہر اولیانووسک کی 2005 میں مقابلہ حسن جیتنے والی موجودہ ٹاپ ماڈل نتالیہ کو ایک سپر اسٹور میں سیلز گرل پر چاقو سے حملہ کرنے کے الزام میں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
سپر اسٹور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سبزیوں کے کاؤنٹرز پر ماسک لگائے ملکہ حسن اپنے بیگ سے چاقو نکال کر سیلز گرل پر حملہ آور ہوتی ہیں اور دس سے زائد بار ضربیں لگاتی ہیں۔
سپر اسٹور کے اسٹاف نے بہ مشکل ماڈل کے چنگل سے سیلز گرل کو چھڑایا سیکیورٹی گارڈ نے نتالیہ کو ایک کمرے میں بند کرکے پولیس کو بلایا۔ پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے نتالیہ کو گرفتار کرلیا ہے-
سیلز گرل کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے کمر، سر، گردن اور بازو پر آنے والے گہرے زخموں کی مرہم پٹی کی گئی ہے سیلز گرل کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ملکہ حسن کا ٹائٹل جیتنے کے بعد روسی ماڈل نے ایک مقامی بزنس ٹائکون اور سیاستدان سے شادی کی ، لیکن یہ شادی چھ سال بعد ہی ٹوٹ گئی۔
وہ اپنے سابقہ شوہر کی ملکیت والی دکان میں کام کرتی رہیں لیکن اس نے جب دوبارہ شادی کرلی تھی تو ماڈل نے اپنی زندگی کو ایک ساتھ رکھنے کے لئے جدوجہد کی۔
نتالیہ کو حکام کے ذریعہ گرفتار کرنے کے بعد ، ان کی والدہ نے این ٹی وی کو بتایا کہ ان کی بیٹی نے اس پر اعتراف کیا تھا: "مجھے یہ احساس ہے کہ کچھ شیطانی طاقتیں مجھ پر اثراانداز ہو گئیں ہیں۔”