افغانستان چھوڑکر جانے والے افغانوں کے لیے روس کی پیش کش

ماسکو: افغانستان چھوڑکر جانے والے افغانوں کے لیے روس کی پیش کش ،اطلاعات کے مطابق روس نے افغان باشندوں کو افغانستان سے نکالنے کے لیے طیاروں کی فراہمی کی پیش کش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ وہ افغانوں کو نکالنے کے لیے طیارے فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بریفنگ میں بتایا کہ روس ان افغان شہریوں کو نکالنے کے لیے سول طیارے فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جو ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔

روس نے کابل سے اپنا سفارتی عملہ تاحال نہیں نکالا ہے، اس سلسلے میں ترجمان ماریا نے بتایا کہ روس کا سفارتی عملے اور شہریوں کو افغانستان سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم جو روسی افغانستان سے نکلنا چاہیں ان کے لیے چارٹرڈ طیاروں کا منصوبہ موجود ہے۔

واضح رہے کہ پندرہ اگست کو افغان دارالحکومت کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد، نہ صرف غیر ملکی بلکہ افغان شہری بھی بڑی تعداد میں ملک سے نکلنے کی کوششیں کر رہے ہیں، اس سلسلے میں پاکستانی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب سے بڑا تعاون کیا گیا ہے

Comments are closed.