رحیم یار خان(باغی ٹی وی رپورٹ) موٹر وے ایم-5 پر افسوسناک حادثہ، بس ڈرائیور کی غفلت سے 4 افراد جاں بحق، 14 زخمی

رحیم یار خان کے قریب موٹر وے ایم-5 پر کشمور کے مقام پر ایک المناک ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ حادثہ ایک مسافر بس اور مزدا گاڑی کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں پیش آیا، جس کی بنیادی وجہ ڈرائیور کو نیند آنا اور غفلت برتنا قرار دی جا رہی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ترجمان کے مطابق 3 افراد کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 11 شدید زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس اور موٹروے حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بس ڈرائیور غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیند کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا، جس کے باعث یہ سانحہ رونما ہوا۔

جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور ان کے لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ حادثے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

Shares: