شمالی وزیرستان :‘قبائلی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے’اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور قبائلی عمائدین سےملاقات کی۔ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قبائلی علاقوں کا وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ تھا۔

قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی قبائلی اضلاع کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں۔ ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کی طرح مقامی آبادی کیلئے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہماری ترجیح ہوگی۔قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

بعدازاں میرانشاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، شہباز شریف نے یاد گارشہدا پر پھول چڑھائے، پاکستان کی سالمیت کیلئے قربانیاں دینے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم کو سکیورٹی صورتحال، سرحد پار سے دہشت گردوں کی سرگرمیوں، سرحد پر باڑ لگانے کی صورتحال سمیت بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردی کی کمر توڑنے میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گرد ملک بھر میں عوام اور ریاستی انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنا رہے ہیں، مسلح افواج کی دلیرانہ کوششوں کی بدولت دہشت گردوں کو ناکام بنایا گیا، قوم اس کوشش میں متحد ہے اور ہم مل کر کامیاب ہوں گے۔

Shares: