کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اگر صدر مملکت کہیں گے تو پھر مجھے گورنر راج لگانا ہو گا۔
کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ آج کل ضمیر کے جاگنے اور سونے کا سیزن آیا ہوا ہے۔ایک سوال کے جواب میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کا حق ہے وہ جس طرف بھی کھڑے ہوں، ہر ایک نے اپنی پارٹی کے فیصلے پر عمل کرنا ہے۔
سندھ میں گورنر راج سے متعلق سوال پر عمران اسماعیل نے کہا کہ صدر مجھے کہیں کہ آپ گورنر راج لگا دیں تو مجھے لگانا ہو گا تاہم فی الحال گورنر راج کے حوالے سے ایسی کوئی صورت حال نہیں ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سندھ میں گورنر راج نافذ کر دیں تاہم وزیراعظم کی قانونی ٹیم نے سندھ میں گورنر راج کی مخالفت کر دی تھی جس کے بعد عمران خان نے سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کے مشورے کو مسترد کر دیا تھا۔