اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کی مجموعی صورتحال اور سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران صدر مملکت نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پنجاب میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے جن لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے یا جن کی املاک کو نقصان پہنچا ہے، ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔صدر زرداری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی عوام کی مدد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور متاثرین کی بحالی کے لئے فوری امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی اس معاملے میں صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صدر مملکت کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام ادارے مل کر کام کریں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مضبوط تعاون ضروری ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

Shares: