میڈیا ہاﺅسز سے صحافیوں کی جبری برطرفیوں کے خلاف تمام صحافتی تنظیموں کا ہنگامی اجلاس صحافیوں کے معاشی قتل کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا فیصلہ3 ستمبر کو دنیا نیوز اور 6 ستمبر کو سٹی 42 کا لاک ڈاﺅن کیا جائے گا

تفصیلات کےمطابق میڈیا ہاﺅسز سے صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور معاشی قتل کے خلاف لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کی زیراہتمام تمام صحافتی تنظیموں و گروپس کے قائدین اور متاثرین کا ہنگامی اجلاس پریس کلب میں ہوا جس میں صحافی قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ صحافتی دنیا کی معتبر شخصیت اور استاد ڈاکٹر مہدی حسن نے خصوصی شرکت کی ۔اجلاس میں حال ہی میں بے روزگار ہونے والے اپنے ساتھی سجاد کاظمی کو ذہنی دباﺅ کی وجہ سے برین ہیمرج پر تشویش کا اظہارکیا گیا۔ سجاد کاظمی اس وقت بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن کیلئے اجلاس میں دعائے صحت کی گئی ۔اجلاس میں آنے والی تجاویز کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ آئے روز ہونے والی بے روزگاری ، تنخواہوں کی کٹوتیوں اور ذہنی ٹارچر کے خلاف میڈیا ہاﺅسز کے خلاف احتجاج کا آغاز کیا جائے جس کیلئے حکومتی ذمہ داران، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں، ٹریڈ یونینز سے رابطے کرکے میڈیا انڈسٹری کے حالات سے آگاہی دی جائے گی

جبکہ متاثرین کو قانونی معاونت فراہم کرنے کیلئے لیگل کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ ہیومن رائٹس کمیشنزاور بین الاقوامی صحافتی تنظیموں سے بھی رابطے کرکے صحافیوں کے معاشی قتل عام بارے آگاہی دی جائے گی۔جبکہ سوشل میڈیا کا میڈیا ہاﺅسز کی انتظامیہ کے حوالے سے بھر پوراستعمال کیا جائے گا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہاگر کارکنوں کی بحالی اور برطرفیوں کا سلسلہ نہیں روکا جاتا تو 3 ستمبر بروز منگل کو دوپہر 2 بجے سے دنیا نیوز کا لاک ڈاﺅن کیا جائے گا اور طویل دھرنا دیا جائے گا جبکہ سٹی42 اور24 نیوز سے ملازمین کی چھانٹیوں اور برطرفیوں کے خلاف 6 ستمبر کو لاک ڈاﺅن کیا جائے گا اور 6 ستمبر کو ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جس میں اداروں کے باہر مستقل دھرنے کا شیڈول دیا جائے گا۔

Shares: