ساہیوال:کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ کی سلالہ چیک پوسٹ حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد عثمان علی شہید کے گھر آمد،دعائیہ تقریب میں شرکت اور شہداء کے بلندئ درجات کی دعا۔تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال نادر چٹھہ افغانستان کی سرحد پر واقع سلالہ چیک پوسٹ پر حملے میں منصب شہادت پر فائز ہونے والے کیپٹن محمد عثمان علی شہید کے گھر گئے اور نویں برسی کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔انھوں نے شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی اور شہید کے والد محمد بشیر احمد سے تعزیت کی،برسی کی تقریب میں شہریوں کی کثیر تعداد بھی شریک ہوئی۔کمشنر ساہیوال نادر چٹھہ نے ملک و قوم کے تحفظ کے لئے شہداء کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا اور کہا کہ قوم ان کی اس عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
یاد رہے کہ ساہیوال کے قابلِ فخر سپوت کیپٹن عثمان علی شہید 26 نومبر 2011 کو پاک افغان سرحد پر قائم پاکستانی چیک پوسٹ سلالہ پر افغانستان میں قابض غیرملکی نیٹو افواج کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے دفاع وطن پر اپنی جان نچھاور کرگئے تھے،
اس حملے کے بعد پاکستانی عوام اور فوج میں نیٹو افواج کے خلاف شدید غم وغصہ پھیل گیا تھا،جبکہ اس حملے کے خلاف پاکستان کے سب سے بڑے غیرسیاسی اتحاد دفاع پاکستان کونسل نے ملک گیر احتجاج شروع کردیا تھا اور پاکستان کو نیٹو افواج کی سپلائی روکنی پڑی تھی،
ساہیوال کی ضلعی انتظامیہ نے عثمان شہید کی قربانی کے اعتراف میں مزدور پلی چوک کا نام تبدیل کرکے کیپٹن عثمان شہید چوک رکھ دیا تھا

Shares: