ساہیوال:کمشنر کو افسوس کا اظہار کیوں کرنا پڑا؟

0
37

کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے گزشتہ روز ساہیوال میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں طالبعلم کی ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ بسوں کے تمام ڈرائیوروں کو تیز رفتاری سے باز رہنے کی سختی سے ہدایت کی جائے اور اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے تاکہ حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جاسکے،انہوں نے جنرل بس سٹینڈ پر سہولیات کے فقدان اور صفائی کے ناقص انتظامات پر میونسپل کارپوریشن کے تعینات مینجر اور متعلقہ کلرک کو فوری معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے میونسپل آفیسر ریگولیشن کو بس اڈوں کے معاملات کو بہتر بنانے کی ذمہ داری تفویض کی-انہوں نے اڈوں سے ہونے والی آمدنی اور اخراجات کا مکمل حساب چیک کرانے اور اڈوں سے تجاوزات کو فوری ختم کرنے کی بھی ہدایت کی -کمشنر عارف انور بلوچ نے ڈی سی ساہیوال کو شہر میں اربن ٹرانسپورٹ چلانے کے احکامات اور اس سلسلے میں رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات حاصل ہو سکیں،
انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور لاری اڈا ساہیوال سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس میں جاری کیں،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن ایس ڈی خالد ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عبدالستار غفار،ڈی ایس پی ٹریفک ریاض احمد اور سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے شرکت کی،علاوہ ازیں اجلاس میں کمشنر نے
اوور لوڈنگ کو روکنے اور سٹاپ کے بغیر گاڑی کھڑی نہ کرنے دینے کی ہدایت کی ہے-انہوں نے تمام روٹس کا کرایہ نامہ متعلقہ بسوں اور ویگنوں میں نمایاں جگہ پر بھی چسپاں کرنے کی ہدایت ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اندرون شہر نجی بس کے نیچے کچلے جانے کی وجہ سے ایک طالب کی موت واقع ہوگئی تھی جس کے بعد مشتعل طلباء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مختلف بسوں کو پتھراؤ اور ڈنڈوں سے حملہ کرکے نقصان پہنچایا تھا اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی،

Leave a reply