معروف گلوکارہ سائرہ نسیم نے اپنے حالیہ انٹرویو میںکہا ہے کہ میں نے ہمیشہ محنت پر یقین رکھا ہے اور بے انتہا محنت کی ہے اپنے سارے کیرئیر میں. انہوں نے کہا کہ میں نے دل لگا کر کام کیا ، چل چلائو والا کام کررہی ہوتی تو یقینا میرا بھی آج نام مٹ چکا ہوتا. انہوں نے کہا کہ میںتو نوجوانوں سے یہی کہوں گی کہ کسی بھی شعبے میںجائیں لیکن کبھی بھی محنت سے نہ گھبرائیں اور یاد رکھیں کہ کامیابی کا کوئی بھی شارٹ کٹ نہیں ہوتا. انہوں نے کہا کہ میں آج کل کے بچے بچیوں میں اپنے کیرئیر کو لیکر بہت زیادہ جنون دیکھتی ہوں جو کہ بہت اچھی بات ہے.
سائرہ نسیم نے کہا کہ مایوسی گناہ ہے اور جو انسان حالات سے مجبور ہوکر مایوسی کا دامن تھام لے تو وہ اپنی زندگی میںبہت پیچھے رہ جاتا ہے. انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ اللہ سے مانگا ہے اور اس نے مجھے جھولی بھر کر دیا ہے. میں اسکا ہر دم اس کے لئے شکریہ ادا کرتی ہوں لیکن محنت کا دامن نہیں چھوڑتی. یاد رہے کہ سائرہ نسیم کا شمار ملک کی نامور گلوکارائوں میں ہوتا ہے انہوں نے نوے کی دہائی میں پاکستانی فلموں کے لئے شاہکار گیت گائے.