پاکستان شوبز انڈسٹری کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ سجل علی نے عرب انٹرنیشنل فیسٹیول میں ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
باغی ٹی وی : ڈسٹنکٹف انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (DIAFA) کے چوتھے ایڈیشن کی تقریب دبئی میں منعقد کی گئی جس میں دنیا بھر سے نامور شوبز شخصیات نے شرکت کی جس میں پاکستانی اداکارہ سجل علی بھی شامل ہیں۔
یہ ایوارڈ شو ہر سال دبئی میں منعقد کیا جاتا ہے جس میں بین الاقوامی اور عرب شخصیات کو ان کی سالانہ کامیابیوں اور معاشرے کی بہتری کے لیے تعاون کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی اداکارہ سجل علی کو فلم کی دنیا میں منفرد پہچان بنانے پر قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر سجل علی نے ایوارڈ کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ایوارڈ ملنے پر اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ میرے لیے ناصرف بطور اداکارہ ایک اعزاز ہے بلکہ یہ ایوارڈ مجھے ایک قابلِ فخر پاکستانی بھی بناتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ یہاں پر ہونا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے بالخصوص اتنے زبردست اداکاروں کے ساتھ ہونا کسی اعزاز سے کم نہیں، تمام مداحوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔
عالمی ایوراڈ اپنے نام کرنے پر ساتھی اداکاروں نے بھی سجل علی کو مبارکباد دی جن میں اداکارہ منال خان ، ماہرہ خان ،اسد لغاری ،حرا مانی اور سعدیہ غفار سمیت متعدد اداکاروں نے مبارکباد دی –
اداکارہ کے شوہر احد رضا میر نے بھی لکھا کہ انہیں سجل علی پر فخر ہے-
واضح رہے کہ (DIAFA) ڈسٹنکٹف انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ کی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس میں نہ صرف عرب بلکہ بین الاقوامی شخصیات کو ان کے فن میں گراں قدر خدمات، کامیابیوں اور متاثر کن کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ سجل علی نے بین الاقوامی ایوارڈ شو ’گرین کارپٹ فیشن ایوارڈ 2020‘ میں شامل ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
اداکارہ نے 10 اکتوبر کو ہونے والی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی، اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر مداحوں کو اطلاع دی تھی کہ وہ معروف ’گرین کارپٹ فیشن ایوارڈ‘ کا حصہ بن کرمعیاری فیشن کو سپورٹ کرنے جارہی ہیں۔