سرگودھا: سٹی سرکل میں بڑھتی چوری و ڈکیتی کی وارداتیں، 7 دن میں 41 موٹرسائیکل چوری

سرگودھا (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر،ادریس نواز چدھڑ) سٹی سرکل میں بڑھتی چوری و ڈکیتی کی وارداتیں، شہری عدم تحفظ کا شکار

تفصیل کے مطابق سرگودھا کے سٹی سرکل میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کو عدم تحفظ میں مبتلا کر دیا ہے۔گذشتہ ایک ہفتے میں سٹی سرکل کے مختلف تھانوں کے علاقوں میں کل 41 موٹرسائیکل چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ، شہریوں سے گن پوائنٹ پر پیسے چھیننے اور گھروں، دکانوں اور دیگر مقامات پر ڈکیتی و چوری کی وارداتیں بھی جاری ہیں۔ شہریوں نے پولیس کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پچھلے ایک ہفتے کے دوران سرگودھا کے مختلف تھانوں میں درج کی گئی وارداتوں کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں
تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن کی حدود میں موٹرسائیکل چوری کی 5 وارداتیں، 3 چوری کے کیسز اور مویشی چوری کے 2 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہاں کے رہائشیوں نے پولیس کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

تھانہ سٹی کے علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی 12 وارداتیں سامنے آئیں۔ اس کے علاوہ ہاؤس و شاپ رابری اور گن پوائنٹ پر پیسے چھیننے کی وارداتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ یہاں پر شہریوں کا کہنا ہے کہ ان وارداتوں نے ان کی روزمرہ زندگی کو متاثر کیا ہے۔

تھانہ اربن ایریا کے علاقے میں موٹرسائیکل چوری کی 8 وارداتیں اور دیگر چوری کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ اس تھانے کے علاقے میں بھی متعدد سٹور و سٹریٹ رابری کے واقعات پیش آئے ہیں۔

تھانہ ساجد شہید میں بھی موٹرسائیکل چوری کے 7 واقعات اور اس کے علاوہ دو سنیچنگ کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جس نے عوام میں خوف کی فضا پیدا کر دی ہے۔

تھانہ فیکٹری ایریا کی حدودسے بھی 4 موٹرسائیکل چوری کے کیسز اور سٹریٹ رابری کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ علاقے کے لوگوں نے پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اسی طرح تھانہ کینٹ کےعلاقے میں موٹرسائیکل چوری کی 5 وارداتیں سامنے آئیں۔ دیگر چوری کی وارداتیں بھی بڑھ رہی ہیں اور مقامی پولیس ان واقعات کو روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

شہریوں نے پولیس کی ناکامی پر سخت غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس نے اگرچہ وارداتوں کی ایف آئی آر درج کی ہیں، مگر ملزمان کو گرفتار کرنے اور چوری شدہ اشیاءکی بازیابی میں ناکام رہی ہے۔ اس صورتحال میں اے ایس پی سٹی سرکل انعم شیر کی خاموشی نے بھی شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے وارداتوں پر قابو پانے اور مجرموں کو گرفتار کرنے کے اقدامات ناکافی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرگودھا کے سٹی سرکل میں بڑھتی ہوئی وارداتوں نے ان کے روزمرہ کے معمولات کو متاثر کر دیا ہے۔ چوروں اور ڈاکوؤں کی دہشت کے باعث لوگ عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے ڈی پی او سرگودھا، آر پی او سرگودھا، آئی جی پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سرگودھا میں عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور چوری و ڈکیتی کے واقعات کو روکا جا سکے۔

Comments are closed.