سرگودھا:ڈاکوؤں سے مقابلہ کانسٹیبل شہید،ایک ڈاکو جہنم واصل

سرگودھا ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر ادریس نواز چدھڑ سرگودھا )ڈاکوؤں سے مقابلہ کانسٹیبل شہید،ایک ڈاکو جہنم واصل
تفصیلات کے مطابق تھانہ میانی محافظ سکواڈ سرگودھا میں تعینات کانسٹیبل محسن عباس ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گیا ، محافظ سکواڈ ٹیم کا دوران پٹرولنگ موٹر سائیکل سوار چار ڈاکوؤں سے سامنا ہوا ، محافظ سکواڈ کے جوانوں نے مشکوک ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی ۔

ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی سیدھی فائرنگ شروع کر دی ، فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل محسن عباس پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا اور ہسپتال پہنچانے پر بھی جانبر نہ ہوسکا ۔

فائرنگ کے تبادلے میں مرکزی شوٹر ڈاکو جہنم واصل ہو گیا جس کی بعد ازاں شناخت وقار کے نام سے ہوئی ، مارا جانے والا ڈاکو ریکارڈ یافتہ اور جرائم کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا ۔ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ڈاکو کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی ۔ ملزمان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے ۔

مارے جانے والے ریکارڈ یافتہ ملزم وقار کے قبضے سے کلاشنکوف برامد کر لی گئی ۔

ڈی پی او سرگودھا نے ملزمان کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں روانہ کر دیں ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محسن عباس کو دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کانسٹیبل محسن فرض کی راہ میں جان قربان کرکے ہمیشہ کیلئے امر ہو گیا ۔

شہید کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا

Comments are closed.