کرونا وائرس سرگودہا ڈویژ ن میں کتنے کیسز رپورٹ ہوئے ، خصوصی رپورٹ
سرگودہاڈویژن (عمیر ضیاء، خصوصی رپورٹ ، کرونا وائرس) باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ 21 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 13کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں او روہ کلیئر ہو چکے ہیں جبکہ 8 کیسز کے ٹیسٹ ایک روز میں موصول ہو جائینگے تاحال ان تمام افراد کو سخت سیکورٹی میں مختلف مقامات پر قرنطینہ میں رکھا گیا ۔چاروں اضلاع میں بیرون ممالک سے آنے والے 1551 افراد کی سکرنینگ بھی کی گئی ہے جبکہ آئسولیشن وارڈ اور قرنطینہ کے تمام انتظامات مکمل کئے جاسکے ہیں ۔ صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت انصر مجید خان کی زیر صدارت منعقد ہ اعلیٰ سطح اجلاس میں بھکر سے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی امیر محمد خان ‘ کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود ‘ ریجنل پولیس آفیسر افضال احمدکوثر ‘ ڈپٹی کمشنر سرگودہا عبداللہ نیئر شیخ ‘ڈی سی بھکرآصف علی فرخ‘ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد عبداللہ ‘ ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شہباز حسین نقوی کے علاوہ جیل ‘ صحت او رتعلیم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلا س کو بتایاگیاکہ ضلع سرگودہا میں پچاس بیڈز پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیاگیا ہے ۔ تمام ٹی ایچ کیوز میں پانچ اور بی ایچ یوز میں ایک ایک بیڈز کا آئسولیشن سنٹر بنایا گیا ہے ۔ زرعی کالج کو قرنطینہ سنٹر میں تبدیل کر دیاگیاہے ۔ ضرورت پڑنے پر میڈیکل کالجز کے تین ہاسٹلز کو بھی استعمال میں لایا جاسکے گا ۔ اجلاس کو مزید بتایاگیاکہ 35ہزار دیائے غیر گئے پاکستانیوں کی واپسی شروع ہو چکی ہے جن میں سے 1243 افرادکا تعلق سرگودہا ڈویژن سے ہے ۔ ان کے اہل خانہ سے انتظامیہ مکمل رابطے میں ہے ۔ اجلاس کو مزید بتایاگیاکہ ایران سے 105سرگودہاسے تعلق رکھنے وائے زائرین ڈی جی خان کے قرنطینہ میں موجود ہیں جن کے سرگودہاپہنچنے میں زرعی کالج کے قرنطینہ میں 14دن کیلئے منتقل کر دیا جائیگا ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے بتایاکہ وینٹی لیٹر سمیت دیگر ضروری ا شیاءکی خریداری کے لئے ہنگامی سطح پر اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔حکومت کی وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جارہاہے ۔چاروں اضلاع میں کرونا وائرس کے حفاظتی اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے گئے ہیں ۔ آر پی او افضال احمد کوثر نے کہاکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ مل کر کام کر رہی ہے ۔ قرنطینہ سنٹر کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے ۔ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قرنطینہ اور آئسولیشن سنٹر پر تعینات پولیس عملہ کی محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 سے مل کر ٹریننگ بھی دی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی امیر محمد خان نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیا ر کر کے ہم کرونا وائرس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔حکومت نے کرونا سے متاثرہ افراد کےلئے خصوصی فنڈز قائم کیا ہے ہمیں چاہیے کہ اس فنڈز میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالیں ۔ صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت انصر مجید خان نے کہاکہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144نافذ کی گئی ہے ۔ تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں ۔ عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام پارکس ‘ تفریحی مقامات ‘ شادی ہالز بند کر دیئے گئے ہیں او رہوٹلز کو رات دس بجے بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مشکل وقت میں ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا ۔ حکومت عوام کی صحت کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ اجلاس میں جیل حکام نے قیدیوں کی سیفٹی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا ۔