
سرگودھا (باغی ٹی وی، ملک شاہ نواز جالپ)سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کے پروگرام کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاکرہ نورین نے تفصیلات فراہم کیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سرگودھا، خوشاب، بھکر اور میانوالی میں اجتماعی شادیوں کے پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سرگودھا میں 31 جنوری، خوشاب میں اگلے ہفتے، بھکر میں 13 فروری اور میانوالی میں 27 فروری کو اجتماعی شادیوں کی تقاریب منعقد ہوں گی۔ اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 273 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا انتظام کیا جائے گا۔ ان میں سے سرگودھا میں 93، خوشاب میں 59، بھکر میں 93 اور میانوالی میں 32 جوڑے شامل ہیں۔
ہر جوڑے کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایک لاکھ روپے کا جہیز اور دلہن کو اے ٹی ایم کے ذریعے سلامی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، ہر جوڑا تقریب میں 20 مہمانوں کے ساتھ شرکت کرے گا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سوشل ویلفیئر افسران کے ساتھ مل کر اجتماعی شادیوں کے انتظامات بروقت مکمل کریں تاکہ اس پروگرام کو کامیاب بنایا جا سکے۔ یہ پروگرام مستحق جوڑوں کے لیے خوشیوں کا ذریعہ ثابت ہوگا اور ان کی زندگی میں خوشحال تبدیلیاں لے کر آئے گا۔