سرگودھا ( ادریس نواز چدھڑ سے ) ضلعی انتظامیہ کا عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدام ”موبائل ڈومیسائل سروس ‘ ‘ کا اجراء‘ موبائل ڈومیسائل وین تعلیمی اداروں میں جا کر موقع پر طلبہ کو ڈومیسائل جاری کرے گی ۔ افتتاحی تقریب گورنمنٹ سنٹرل ماڈل ہائیر سکینڈری سکول میں منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ارشد احمد وٹو تھے ۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن اتھارٹی ریاض قدیر بھٹی ‘ اسسٹنٹ کمشنر عمر دراز گوندل کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی ۔ اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ارشد احمد وٹو نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ موبائل ڈومیسائل وین کاباضابطہ افتتاح کیا اور سکول کے طلبہ کو موقع پر ڈومیسائل جاری کئے گئے ۔ اس موقع پر ارشد احمد وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈومیسائل طلبہ کیلئے اہم دستاویزہے جس کے حصول کو انتہائی آسان بنادیاگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں تحصیل سرگودہا میں موبائل ڈومیسائل سروس شروع کی جارہی ہے ۔ موبائل وین شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں سکولوں کادورہ کرے گی جہاں ڈومیسائل کے حصول کے خواہش مند طالب علم کو اپنا یا والد کا شناختی کارڈ ‘ فوٹو اور ب فارم فراہم کرنا ہو گا ۔ دیگر ضروری کارروائی موقع پر کر کے ڈومیسائل کااجراءکیاجائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام سے طلبہ کو مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور نہ ہی ان کا وقت ضائع ہو گا ۔ انہوںنے مزید بتایاکہ موبائل ڈومیسائل سروس مرحلہ وار دیگر تحصیلوں میں بھی شروع کی جائے گی ۔اس کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ انہوںنے طلبہ پر زور دیاکہ وہ حکومت کی اس سہولت سے ضرور فائدہ اٹھائیں ۔ بعدازاں انہوں نے طلباءمیں ڈومیسائل بھی تقسیم کئے ۔

Shares: