کلین اینڈ گرین مہم۔سرگودہا کوصوبہ کا ماڈل ڈویژنل ہیڈکوارٹر بنانے کا فیصلہ

سرگودہا(نمائندہ باغی ٹی وی )مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے ہارٹیکلچرآصف محمود نے کہا ہے کہ سرگودہا کو صفائی اورخوبصورتی کے لحاظ سے صوبہ کا ماڈل ڈویژنل ہیڈکوارٹر بنانے کا فیصلہ کیاگیا ہے اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اس میگا منصوبہ کی منظوری دے دی ہے اورابتدائی طو رپر ساڑھے چھ کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کئے جارہے ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ سرگودہا کے موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر آسیہ گل ‘ چیئرمین سرگودہا ڈویلپمنٹ اتھارٹی چوہدری ممتاز اختر کاہلوں ‘ چیئرمین پی ایچ اے ملک سعد اللہ ‘ ڈی جی پی ایچ اے ریحانہ فرحت ‘ اے ڈی سی آر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی اور اے ڈی سی جی بلال فیروز کے علاوہ میونسپل کارپوریشن او رضلع کونسل سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ایچ اے سرگودہا کو مزید فعال بنایا جائے گا ادارے کی آسامیوں پر تقرریوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا ۔ اس طرح شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے میونسپل کارپوریشن کو بھی فنڈز کے علاوہ افرادی قوت کی تمام کمی کو دور کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ سرگودہا شہر میں پہلے مرحلے میں ایک سڑک جیل روڈ کو خوبصورتی کے اعتبار سے ماڈل بنانے کے علاوہ شہر آنے والے تمام مین شاہرات کو بھی پی ایچ اے ماڈل بنائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے گزرنے والی نہروں او رریلوے لائنوں کے گردنواح میں گرین بیلٹس اورعوام کی تفریحی کیلئے تمام سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اس طرح تمام بڑے پارکوں میں فیملیز کی تفریحی کیلئے ملٹی نیشنل کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے کہاکہ شہر میں صفائی پر خاص توجہ دی جارہی ہے ۔ مکینکل سویپر مشین خریدنے پر کام جاری ہے ۔ تمام محکموں او رسول سوسائٹی سے مل کر کلین اینڈ گرین سرگودہا کے نام سے ہفتہ صفائی منانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے ۔ ہفتہ صفائی میں تمام تعلیمی اداروں اور سرکاری محکموں سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ شہر سے مویشیوں کے انخلاءاور شاپر بیگ پر پابندی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر پی ایچ اے کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں بتایاگیاکہ شہر کے لاکھوں روپے کی لاگت سے شہر کے 9پارکوں کی تزئین وآرائش ومرمت پر کام جاری ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ شہر میں 20 نئی گرین بیلٹس بنائی گئی ہیں جبکہ شہر میں واقع تینوں اوورہیڈبرج پر خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں ۔ پی ایچ اے رواںمالی سال کے دوران مزید بارہ نئے پارک او رچھ چوک خوبصورت بنانے کا ارادہ رکھتاہے ۔ مشیر وزیر اعلیٰ آصف محمود نے پی ایچ اے ‘ ایس ڈی اے ‘ میونسپل کارپوریشن او رضلع کونسل افسران پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو سرگودہا کو خوبصورتی او رصفائی کے اعتبار سے ماڈل ڈویژن بنانے کیلئے شروع کئے جانے والے تمام منصوبوں کی مانیٹرنگ کرے گی او راس ضمن میں اپنی سفارشات تیار کرکے حکومت کو بھجوائے گی۔

Comments are closed.