خود کو ایجنسی کا نماٸندہ ظاہر کرکے وارداتیں کرنیوالا گینگ گرفتار

0
34

سرگودھا ( ادریس نواز چدھڑ سے ) خود کو ایجنسی کا نمائندہ ظاہر کرکے گھروں میں گھس کر وارداتیں کرنے والا بین الاضلاعی تین رکنی گینگ گرفتار، 20لاکھ روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد .

تفصیلات کے مطابق :
سرگودھا میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈاکٹر رضوان احمد خان کی ہدایت پرسٹی ایریا میں بڑھتی ہوئی راہزنی کی وارداتوں کے پیش نظر ایس ڈی پی او سٹی سرکل محمد عثمان کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن عمیر حسن کو خصوصی ٹاسک دیا گیا جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات محنت کرکے راہزنی ودیگر وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے سرغنہ شجاعت کو اسکے ساتھیوں یاسر اور فراز سمیت گرفتارکرلیا۔ گرفتارملزمان تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاوہ تھانہ کینٹ، تھانہ ساجد شہید سمیت ضلع روالپنڈی میں بھی متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضہ سے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن، ساجد شہید اور کینٹ کے13 مقدمات میں 20لاکھ روپے سے زائد کا ما ل مسروقہ برآمد کیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں ایس ڈی پی اوسٹی سرکل محمد عثمان نے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گرفتارملزمان پوش ایریا میں گھومتے پھر تے اورکھلادروازہ دیکھ کر گھر میں گھس کر اورخود کو کسی ایجنسی یا ایف بی آر کا اہلکار ظاہر کرکے واردات کرتے تھے۔ ڈی ایس پی سٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور سرگودھاپولیس اپنی اس ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہے اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے دن رات کوشاں ہے مزید گینگز کی گرفتاری پر کام جاری ہے جرائم پیشہ افراد کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دے جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا کو کرائم فری بنانا اولین ترجیح ہے اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن اور انکی ٹیم کو انعام وتعریفی سرٹیفکیٹ دینے کیلئے افسران بالا کو سفارش کی جائیگی۔(ترجمان سرگودھا پولیس)

Leave a reply