سرگودھا۔ یکم اگست (اے پی پی) سرگودھا یونیورسٹی میں کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، ایک ماہ تک جاری رہنے والی عملی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد طلبہ کی اُن عملی میدان میں مفید ثابت ہونے والی مہارتوں کو نکھارنا ہے۔ سرگودھا یونیورسٹی میں سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو طلبہ کی صلاحیتوں اور مہارتوں میں نکھار پیدا کرنے کا باعث بن رہاہے۔سیشنز میں 10سے زائد نمونوں کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کو انتظامی صلا حیتوں کو نکھارنے،انگریزی زبان سیکھنے، فری لانسسنگ کی تربیت، اعتماد سازی اور استعداد کار میں اضافہ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پہلا سیشن ”موثر ابلاغ“ کے موضوع پر منعقد کیا گیا۔ جس میں امریکی نژاد ماہر علی عمیر نے طلبہ کو بتایا کہ وہ کس طرح موثر گفتگو کے ذریعے اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔ سیشن میں طلبہ کو بولنے، تجزیاتی تحریر لکھنے اور بات کو سمجھنے کے لیے رہنمائی فراہم کی گئی۔ دوسرا سیشن پریزنٹیشن بنانے کی مہارتوں کے اطلاق سے متعلق ہوا جس میں طلبہ کو مائیکرو سافٹ آفس کے ٹولز بشمول ایم ایس ورڈ، ایگزل اور پاور پوائنٹ کی تربیت دی گئی، اس سیشن کی نگرانی راؤ نوید اقبال نے کی۔ ای کامرس کے سیشن میں پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے آئے محمد افضل نے طلبہ کو بتایا کہ وہ کس طرح اپنے بزنس آئیڈیاز کے عملی اطلاق سے باعزت روزگار حاصل کر سکتے ہیں۔ڈیجیٹل مارکیٹنگ سیشن میں پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے آئے ماہر فیصل نے طلبہ کو فوٹو گرافی، ویڈیو گرافی، ایڈیٹنگ اور مواد کو اپ لوڈ کرنے کی تربیت فراہم کی۔کاروباری مہارتوں کے سیشن میں بلال سلیم نے طلبہ میں خود اعتمادی بڑھانے، فی البدیح بولنے کی تربیت فراہم کی اور انہیں بتایا کہ وہ اپنے نئے بزنس آئیڈیاز کا اطلاق کیسے کریں، طلبہ کو فری لانسنگ کی تربیت فراہم کرنے کے لیے بھی خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے ماہر عبدالمعید نے طلبہ کو فری لانسنگ کے پلیٹ فارمز، طلبہ کی مہارتوں کے مطابق فری لانسنگ پورٹل بنانے کی تربیت دی۔ انہوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ فری لانسنگ کے ذریعے باعزت روزگار کو اپنائیں۔ طلبہ کی کیریئر کونسلنگ کے لیے منعقدہ سیشن میں مریم گل نے طلبہ کو سکالرشپس، انٹرن شپس اور جی آر ای ٹیسٹ کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ وہ کس طرح بہتر ملازمت اور سکالرشپس حاصل کر سکتے ہیں۔ طلبہ کو جاب انٹرویو کی تیاری کے لیے بھی مفید مشورے دیئے گئے۔ ان سیشنز میں طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ تربیتی نشستوں کو حصہ بننے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔انچارج کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر حماد حسن مرزا نے کہا کہ ہمارا مقصد طلبہ کو وہ تربیت اور مہارتیں فراہم کرنا ہے جو تعلیمی دورانیہ میں نہیں دی جا سکتیں۔ ہم نے ان طلبہ کا انتخاب کیا ہے جو آخری میقات میں ہیں اور مارکیٹ میں جانے کے لیے تیار ہیں تا کہ انہیں اس قابل بنایا جا سکے کہ وہ عملی میدان میں کامیابیاں سمیٹ کر ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔

Shares: