سرکاری آٹا کی تقسیم کے دوران غریب شہری ٹرک کے نیچے آگیا

0
61

سرکاری آٹا کی تقسیم کے دوران غریب شہری ٹرک کے نیچے آگیا جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر کی طرح خیبر پختون خوا میں بھی آٹا کا بحران جاری ہے جس سے نمٹںے کے لیے سرکاری سطح پر کم نرخوں پر آٹا کی فراہمی جاری ہے۔ پشاور کے علاقے رنگ روڈ کبوتر چوک میں آٹا کی تقسیم جاری تھی کہ دھکم پیل کے دوران شہری آٹا تقسیم کرنے والے ٹرک کے نیچے آگیا۔ اطلاعات کے مطابق شہری کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسے بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل متھرا میں بھی آٹے کی تقسیم پر ہنگامہ آرائی ہوگئی تھی۔

دوسری جانب شہریوں نے شکایت کی کہ پشاور میں یوٹیلٹی سٹور اور محکمہ خوراک کے سستے آٹا کی مارکیٹ میں فروخت ہونے کی شکایات کا نوٹس لیا جانا چاہئے پشاور شہر اور اس کے نواحی علاقہ جات میں قائم یوٹیلٹی سٹورز اور فرنچائز پر ہر روز آنے والا آٹا ہفتے میں صرف ایک یا دو دن فروخت کیا جا رہا ہے روزانہ کے حساب سے آٹا فروخت نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کی لائنیں لگ جاتی ہیں اور اکثر اوقات محنت کش اور مختلف قسم کی ملازمتوں اور کاریگری وغیرہ سے وابستہ لوگ آٹا خرید نہیں پاتے.

ایک شہری نے اس حوالے تجویز دی کہ سرکاری آٹا کی تقسیم کے نظام میں خامیوں کو دور کرنے کے لئے اس کی تقسیم کاروں کے ساتھ جس مقام پرآٹاتقسیم ہو رہا ہو وہاں کے معززین کی کوئی کمیٹی بھی بنائی جائے جس میں علمائے کرام ‘ اساتذہ اورملازمتوں سے سبکدوش سرکاری افسران شامل ہوں اس طرح کی کمیٹی کو سیاسی کارکنوں سے پاک رکھا جائے اور اس کی نگرانی میں سرکاری آٹا کی تقسیم ہوتو حقدارافراد کو آٹا منظم انداز سے مل سکتا ہے اور لڑائی جھگڑوں کی بھی نوبت نہیں آئے گی سرکاری آٹا کی تقسیم کی ویڈیو بنا کر اس کا بھی جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ پیشہ ور افراد باربار آٹا لیکر بازارمیں فروخت نہ کر سکیں۔

Leave a reply