پاکستان میں حالیہ سیاسی کشیدگی ملک کیلئے بہت نقصان دہ ہیں اصل مسائل نظر انداز کردیئے گئے. مولانا حامد الحق حقانی

مولانا حامد الحق کا کہنا ہے کہ عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں ، حکمران آپس میں گھتم گھتا ہیں،ایسے وقت میں ملک کو اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے. جبکہ جمعیت علماء اسلام (س) صوبہ خیبر پختونخواہ کے صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں امیر مرکزیہ جمعیت علما اسلام (س) پاکستان چیئرمین دفاع پاکستان کونسل نائب مہتمم دارالعلوم حقانیہ مولانا حامد الحق حقانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.

واضح رہے کہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی ہے ، ہر طرف انتشار اور افراتفری کا ماحول بنا ہواہے ، اصل مسائل کی طرف کوئی بھی توجہ نہیں کررہا ، ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے، عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں ، ایسے میں حکمران آپس میں گھتم گھتا ہیں، سیاسی درجہ حرارت بہت بڑھ گیا ہے ،ایسے وقت میں ملک کو اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے.

مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، پرامن احتجاج ہر پاکستانی کا جمہوری حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، گزشتہ دنوں ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور ماردھاڑ جیسے اقدامات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ان جیسے پرتشدد اقدامات کی امن و سلامتی کا درس دینے والا مذہب اسلام اجازت نہیں دیتا۔ہر سیاسی لیڈر کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کارکنان میں یہ شعور پیدا کرے کہ وہ پرامن احتجاج کا راستہ اپنائیں نہ کہ جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کا.

مولانا حامد الحق حقانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ آئیں ایک ٹیبل پر بیٹھیں اور ایک قومی لائحہ عمل طے کریں جس سے اس ملک کا بیڑا پار ہوجائے، میں تمام مذہبی قوتوں سے بھی یہ بات کرچکا ہوں کہ اتفاق اور قومی وحدت کی ضرورت ہے ،ہم اپنی سیاسی جماعت جمعیت علما اسلام (س) پاکستان کے پلیٹ فارم سے ثالثی کیلئے تیار ہیں ، مولانا حقانی نے مزید کہا کہ ان شااللہ ہم آنے والے انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے، جمعیت علما اسلام (س)پاکستان پورے ملک میں اپنے انتخابی نشان سیڑھی پر اپنے امیدواران اتارے گی ان شااللہ، ہم میدان کو خالی نہیں چھوریں گے، ہم انتخابی اتحادوں کے قائل لوگ ہیں لیکن اس دفعہ جو بھی سیاسی مذہبی جماعتیں اتحاد کریں گی تو برابری کے بنیاد پر ان سے بات چیت ہوگی.

مولانا حامد الحق حقانی نے صوبائی مجلس شوریٰ کے تمام ضلعی امراء و نظما کو آنے والے الیکشن کی تیاری شروع کرنے پر زور دیااور کہاکہ اسی سلسلے میں عنقریب صوبہ خیبر پختونخواہ کے تمام اضلاع کے دوروں کا شیڈول تیار کیا جائے گا، صوبائی امیر مولانا عبدالواحد خطیب کی نگرانی میں تمام اضلاع کا دورہ کریں گے ،اجلاس سے صوبائی امیر مولانا عبدالواحد خطیب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت علماء اسلام (س) خیبر پختونخواہ میں متحد و متفق ہیں انشااللہ جماعتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں گے، ہمارے دروازے ہر کسی کیلئے کھلے ہے، انتخابات کی تیاری کیلئے انشااللہ امیر مرکزیہ مولانا حامد الحق حقانی کے سربراہی میں ہم پورے صوبے کا دورہ کریں گے.

جبکہ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عبد الحی حقانی ،صوبائی نائب امیر حافظ عبدالرافیع، مولانا سبز علی خان، مولانا عرفان الحق حقانی، مولانا قاضی فتح الباری رستمی، مولانا قاری رشید ،مولانا محمود خان ،مولانا سید صاحب حسین ، پیر وزیر بادشاہ ،مولانا اسامہ سمیع الحق ،مولانا خزیمہ سمیع الحق ،حاجی رحیم اللہ خان،مولانا امداد اللہ حقانی ،مولانا فضل سبحان ،مولانا سلیم اللہ حقانی ،مولوی محمود وزیرستانی ،مفتی عتیق الرحمن ،مولانا خلیل الرحمن ،مولانا محمد آمین جان ایڈووکیٹ ،مولانا عبدالسمیع عثمانی ،مفتی رشید احمد ، مولانا محمد افتخار ،مولانا عبیداللہ انور ، مفتی ارقم شہزاد شاہ اور دیگر نے شرکت کی

Shares: