ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ ضلع غربی میں شاہراہ قذافی ابتر حالت میں تھی جسے مرمت و پیوند کاری کے ذریعے موٹر ایبل بنایا گیا ہے، یہ اس علاقے کا انتہائی اہم کوریڈور ہے جو عام گاڑیوں کے ساتھ ہیوی ٹریفک کے استعمال میں بھی رہتا ہے، سڑکوں کے ساتھ ساتھ انڈرپاسز کو بھی بہتر اور روشن بنا رہے ہیں، بنیادی انفراسٹرکچر کی مینٹی ننس بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ کو سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کے کاموں کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ گولیمار انڈرپاس کی لائٹس ٹھیک کر کے اسے روشن کر دیا گیا ہے، ناظم آباد انڈرپاس میں بھی لائٹنگ کا نظام درست کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے، انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنائے بغیر روز مرہ مسائل حل نہیں کئے جا سکتے، سڑکوں، اوور ہیڈ برجز اور انڈر پاسز کا شہریوں سے براہ راست تعلق ہے، جن علاقوں میں سڑکیں ٹھیک نہیں وہاں فوری بنیاد پر کے ایم سی کی انجینئرنگ ٹیم لگا کر استرکاری اور دیگر کام کئے جارہے ہیں، جہاں سڑکیں ناہموار اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں وہاں بھرائی کر کے استرکاری کی گئی ہے، انڈرپاسز میں بعض جگہ لائٹس خراب تھیں جس سے رات کے اوقات میں حادثات کا اندیشہ تھا لہٰذا انہیں بھی محکمہ انجینئرنگ کی الیکٹرکل ٹیم بحال کر رہی ہے، انہوں نے محکمہ ورکس کو ہدایت کی کہ ہونے والے کاموں کا فالو اپ بھی جاری رکھا جائے، مسلسل سروے اور نگرانی کے ذریعے جس جگہ کوئی کمی بیشی رہ گئی اسے فوری دور کیا جائے، جن علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہے وہاں ترجیحی بنیادوں پر انفراسٹرکچر کو چیک کیا جائے اور تمام تر دستیاب وسائل استعمال کر کے لوگوں کو سہولت پہنچائیں۔

سڑکوں کے ساتھ ساتھ انڈرپاسز کو بھی بہتر اور روشن بنا رہے ہیں : ایڈمنسٹریٹر کراچی
Shares: