ریاض: سعودی ولی عہد ملک میںبڑی تیزی سے تبدیلی کرتے ہوئے سعودی معاشرے کو نئے رنگ دینے کی کوششوں میںمصروف ہیں، حالیہ فیصلے میں سعودی عرب کے وزیرتعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے مملکت میں پہلی بار ایک خاتون ابتسام الشھری کو وزارت تعلیم کی ترجمان مقرر کیا ہے۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں طلبا اور اساتذہ کی تعداد تقریبا ساٹھ لاکھ کے قریب ہے۔ ابتسام الشھری وزارت تعلیم کی آواز اور ادارے کی ترجمان کے طور پرخدمات انجام دیتے ہوئے لاکھوں طلبا اور اساتذہ سمیت محکمہ تعلیم سے منسلک افراد کی ترجمانی کرے گی۔
سعودی وزارت تعلیم کے مطابق ترجمان ابتسام الشھری اعلی تعلیم یافتہ معلمہ ہیں جو مملکت میں انگریزی زبان وادب کی معلمہ رہ چکی ہیں۔ تعلیم وتدریس میں ان کا 17 سالہ تجربہ ہے۔ انہوں نے ‘ٹیلنٹ ٹریننگ’ میں ایم اے کی ڈگری حاصل کررکھی ہے۔اس کے علاوہ وہ اسکولوں میں تعلیم وتدریس کے حوالے سے وضع کردہ پروگرام بلڈنگ لیڈر برائے تبدیلی’ کے پہلے فارغ التحصیل ہونے والےایکسپرٹس کے گروپ میں شامل تھیں۔