سعودیہ میں سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے الوداعی پیغام جاری کردیا

باغی ٹی وی : سعودیہ میں سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے الوداعی پیغام جاری کردیا، اپنا پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ

میرے معزز ہم وطنو!
آپ میں سے اکثر یہ جانتے ہیں کہ سعودی عرب میں بطور سفیر پاکستان میری ملازمت اپنے اختتام کو پہنچنے والی ہے۔ یہ میرے لئے ایک بہت ہی عمدہ اور عظیم مرحلہ تھا ، میں نے ایسی سرزمین پر خدمات سرانجام دیں جو پاکستان کے لیے خاص اہمیت کی حامل ہے، میں حکومت پاکستان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے میرے کام کے دوران ہر ممکن مدد فراہم کی۔
سعودی عرب میں اپنی ملازمت کے دوران ، میں نے پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلق کی مضبوطی کے لیے بھرپور کوشش کی۔ اور اپنی کمیونٹی کی بہتری اور ترقی پر خصوصی توجہ دی، مجھے اپنے افسران اور عملہ کی بہترین ٹیم پر فخر ہے، جنہوں نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنی کمیونٹی کو سپورٹ کرنے کے لیے خدمات سرانجام دیں، خصوصاً کووڈ-١٩ وباءکے مشکل مرحلہ میں۔
میں سعودی حکومت کا شکر گزار ہوں کہ اس نے اس عالمی وباء کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھا، میں سعودی اداروں اور ان کی کووڈ-١٩ وباء کے دوران بہترین مینجمنٹ اور کامیاب ویکیسن مہم پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مجھے یقین ہے کہ سفارت خانہ پاکستان ریاض مستقبل میں بھی اپنی خدمات کو جاری و ساری رکھے گا۔ میں یہ ذمہ داری انتہائ تجربہ کار نئے سفیر جنرل ( ریٹائرڈ) بلال اکبر کے ہاتھوں میں دے کر جارہا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ انکی قیادت میں ہمارے دو قومی تعلقات نئ بلندیوں کو چھوئیں گئے اور ہماری کمیونٹی کے مفادات مزید محفوظ ہوں گے۔
آخر میں چونکہ میں (٢٠٢١کے دوران) اپنی سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ رہا ہوں اس لئے صرف اتنا کہوں گا کہ میرا ریاض میں قیام بہت ہی اچھا اور یادگار تھا، میں نے یہاں کئ خاص دوست بنائے ، اور علاقہ میں تاریخی ڈویلپمنٹ کا مشاہدہ کیا، اور اپنی زندگی کی کچھ نہ بھولنے والی یادوں کو محفوظ کیا ، میں آپ سب کا شکر گزار ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ آپ پر اپنی رحمتوں کا نزول جاری رکھے، اور ہمیں ہر محاز پر پاکستان کی خدمت کا موقع عنایت فرمائے۔
پاکستان ذندہ باد
اللہ نگہبان

Comments are closed.